فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کشمیر بچاؤ کے نام پر ابو بچاؤ مہم چل رہی ہے، کشمیر بچانا ہوتا تو مودی آپ کی دعوت پر شادی میں نہ آتا، بلاول زرداری کی کرپشن کے وارث ہیں، ایسے بہروپیے ہیں جہاں جاتے ہیں ویسا روپ دھار لیتے ہیں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ یہ تین تین بار ملک پر حکومت کرچکے ہیں، یہ ملک میں ایک ایسا ہسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہوسکے، پورا شریف خاندان مفرور ہوچکا ہے، یہ چاہتے ہیں ملک میں منی لانڈرنگ کا نظام جاری رہے، نواز شریف کارگل پر کلنٹن کے پاؤں پکڑنے پہنچ گئے تھے، پہلی بار ان پر سخت ہاتھ پڑا، اربوں روپے وصول ہو رہے ہیں، سیاست میں پیسہ نواز شریف لے کر آئے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مسترد لوگ آج کل کشمیر پہنچے ہوئے ہیں، ان کی شادیوں پر مودی کے بجائے حریت رہنما آتے، ان لوگوں نے بھارت جا کر حریت رہنماؤں سے ملنے سے انکار کر دیا، اگر یہ کشمیری ہوتے تو سب کے سامنے کلبھوشن کا نام لیتے، کشمیر کا سودا اس وقت نہیں ہوا جب مودی نواز شریف کے گھر آیا تھا، کشمیرکا سودا اس وقت نہیں ہوا جب آموں اور ساڑھیوں کے تحائف بھیجے جاتے تھے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑا، کشمیریوں کو پتہ ہے عمران خان ان کے اصل سفیر ہیں، مودی کے ریاستی جبر کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔