کراچی: (ویب ڈیسک) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شہر کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر اور ایم این اے آفتاب صدیقی نے شرکت کی۔
گورنر سندھ نے صدر کو کراچی میں پینے کے صاف پانی ، سیوریج ، ٹھوس کچرے کے انتظام ، نقل و حمل سے متعلق مسائل اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی۔
صدرمملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ کراچی میں پانی کی بچت اور محتاط استعمال کی ضرورت ہے،افسوس ہے کہ ماضی میں پانی کی بچت کے لئے کرچی میں کوئی منصوبہ تشکیل نہیں دیا گیا۔
اجلاس میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی واضح علامات ظاہر ہو رہی ہیں، ملک میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور وائرس کی بھارتی قسم کی وجہ سے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
اس موقع پر صدرمملکت نے کہا کہ عوام جلد سے جلد اپنے آپ کو کورونا سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں، عوام وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں۔ مئوثر فیصلہ سازی سے پاکستان دوسرے ممالک کے برعکس سنگین صورتحال سے محفوظ رہا۔