اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی کی ہدایات پر مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ تفریحی مقامات، سینما گھر، شادی ہال ، جمنازیم آنے والے افراد کیلئےویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ، تمام ہائی رسک سیکٹرز میں صوبوں کو ایس او پیز پر سختی سےعمل درآمد کیلئے تفصیلی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیے لیئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ مویشی منڈیوں اور عید سے متعلقہ ایس او پیز کے نفاذ کیلئے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں ہوٹل بکنگ کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان مقامات کے داخلی راستوں اور ہوٹلوں میں داخلے پر ویکسین سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کیلئے طریقہ کار کا اجراءبھی کر دیا گیا۔
بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشن ، اندرون اور بیرون شہر چلنے والی ٹرانسپورٹ میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ مساجد اور بازاروں کیلئے پہلے سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی اتظامیہ کیلئے تفصیلی چیک لسٹس جاری کر دی گئیں ۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ادارے کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔