اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود سے بلغاریہ کی پاکستان میں تعینات سفیر ارینا گانشیوا نے ملاقات کی جس میں تعلیم اور ثقافت کے میدان میں دونوں ریاستوں کے مابین تعاون کی ضرورت کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ اعتماد، باہمی مفاہمت اور قریبی تعاون کی نشاندہی کرتے رہے ہیں اور پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو زیادہ اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
ملاقات کے دوران بلغاریہ کی سفیر ارینا گانشیوا نے کہا کہ تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی بہت گنجائش ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین لوگوں سے رابطے اور ثقافتی تبادلے کو بڑھانے اور فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔