سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا، اسدعمر

Published On 12 July,2021 10:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو آنے والے دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ سے پلاننگ کمیشن میں ایک اجلاس کے موقع پر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونوں کے قیام کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ ایس ای زیڈز مینوفیکچرنگ میں مشترکہ منصوبے قائم کرنے کے قابل بنائیں گے جو دونوں اطراف کے کاروباری افراد کو متحد کریں گے۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین آنے والی 10 ویں جے سی سی، جوائنٹ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) کی ملاقاتوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بھی شرکت کی۔

اسد عمر نے مشترکہ ورکنگ گروپس (جے ڈبلیو جی) کی پیشرفت اور کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چینی سفیر نے کہا کہ جے سی سی سی پیک کی چھتری کے تحت دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس تعاون کی بہت سی نئی راہیں بھی کھولے گا۔
 

Advertisement