گلگت: (دنیا نیوز) سی پیک میں نئی جہت، خنجراب بارڈر سال بھر کے لیے کھول دیا گیا۔
خنجراب بارڈر کی آل ویدر بنیاد پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، گلگت بلتستان اور سنکیانگ کے مابین تجارتی تعلقات میں نئی جان ڈال دی گئی۔
ورچوئل اجلاس میں دونوں خطوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، مشترکہ ترقی پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ آج کا دن نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، خنجراب بارڈر کو آل ویدر بنیاد پر کھولنے کا فیصلہ خطے کی معیشت کے لیے نئی روح ثابت ہوگا۔
گورنر سنکیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، خنجراب بارڈر کو آل ویدر بنانے سے دونوں خطوں کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سرحد نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور تعاون کی علامت ہے، ہم گلگت بلتستان کی قیادت کے ساتھ مل کر خطے میں امن، ترقی اور باہمی مفادات کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔