اشیائے خورونوش اور پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، شہباز شریف کی شدید مذمت

Published On 16 July,2021 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے ملک میں اشیائے خورونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا یہ نیا بم گرایا ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، گھی اور آٹے کی قیمت میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت کو ملک میں غریب نظر آ رہے ہیں اور نہ ہی غربت۔ 170 روپے سے گھی 260 روپے، 20 کلو آٹا 820 سے 950 روپے ہونا موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹور پر 68 روپے سے چینی کی قیمت 85 روپے ہونا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے۔ حکومت نے 85 روپے کلو چینی کرکے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز سے بھی عوام اب آٹا، گھی اور چینی خریدنے کے قابل نہیں رہے۔ میں نے بجٹ تقریر میں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ یہ عوام کیساتھ ایک دھوکہ اور فریب ہے۔ بجٹ پیش کرنے کے بعد سے ہر روز ہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو دھوکہ دیا گیا، مہنگائی عوام کو تباہ کر رہی ہے۔ یہ ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے۔ مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، عوام اس مہنگائی میں کیسے گزارا کریں گے؟
 

Advertisement