نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمارے خلاف دھیلےکی کرپشن ثابت نہیں کرسکا،شہبازشریف

Published On 12 July,2021 04:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ پاور پراجیکٹ کی تحقیقات کرتا رہا لیکن دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ دس، دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟ گزرا زمانہ واپس نہیں آتا لیکن عمران خان پرانا دور واپس لے آئے، حکومت نے اپنے چہیتوں کو فرٹیلائزر دینے کی وجہ سے گیس معاہدہ نہیں کیا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی منصوبوں میں ہماری حکومت نے 250 ارب قوم کی بچت کی۔ دنیا کی تاریخ میں سب سے کم مدت میں منصوبوں کو مکمل کیا گیا۔ نواز شریف توانائی منصوبے لگا کر امر ہو گئے۔ نواز شریف دور میں لوڈشیڈنگ ختم کرنا کوئی آسان کام نہیں، یہ ایک معجزہ تھا۔

لیگی قائد نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں بدترین کرپشن ہوئی اور قوم کو بے دردی کے ساتھ دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ عمران خان نے لاکھوں لوگوں کوبے روزگار کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پھر کہتا ہوں کہ یہ پاور پلانٹس دنیا کے سستے ترین ہیں۔ بیانات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے کون سچا اورکون جھوٹا ہے۔ عمران خان نے کئی بارکہا کہ (ن) لیگ حکومت نے وافر بجلی پیدا کی۔ ہم نے دنیا کی تاریخ میں سب سے کم مدت میں منصوبے مکمل کیے۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگایا گیا کرپشن کی خاطر اضافی پلانٹ لگائے گئے، اگر بجلی اضافی تھی تو لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ یہ بیانات ان کی خود نفی کرتے ہیں۔ ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا تھا، اب اس کے واپس آنے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔

 

Advertisement