شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں کارڈیک سینٹر جلد فعال ہو گا: صوبائی وزیر صحت

Published On 02 May,2024 07:30 pm

لاہور:(دنیا نیوز)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے تیار کیا جانےوالا کارڈیک سینٹر جلد فعل کردیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کارڈیک سینٹر کو ماہ جون میں مکمل کرکے شہریوں کو طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہدایت پر پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں التواء کا شکار منصوبوں پر" آئی ڈیپ" سی این ڈبلیو " اور ہیلتھ پر خصوصی طور کام کررہے تاکہ انکو جلد مکمل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو پیغام دے رہا ہوں، جو لوگ خرابی کررہے ہیں وہ باز آجائیں یا پھر گھر جانے کیلئے تیار ہو جائیں، جو کنٹریکٹر اب کام نہیں کرے گا اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ایک بار سمجھائیں گے دوسری بار سمجھائیں گے، ورنہ پولیس اور اینٹی کرپشن موجود ہے پھر سب حوالات کی سیر کریں گے۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ منصوبوں پر کام کرنے والے محکموں کو ٹارگٹ دے دیا ، ٹارگٹ کو پورا کریں یا گھر جائیں، پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں 5 ارب روپے سےزائد کی ادویات فراہم کردیں گئیں، ہسپتال میں ادویات کی کمی نہیں ہوگی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پورے ڈویژن کے ہسپتالوں کو انٹر لنک کرنا پڑے گا تاکہ یہاں کے مریضوں کو لاہور کا سفر نہ کرنا پڑے، انجیو پلاسٹی پروسیجر یا دل کی سرجری ہو وہ سب کچھ اب شیخ زید ہسپتال میں ممکن ہوگا۔

بعد ازاں سلمان رفیق نے رحیم یار خان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی قریشیاں کا دورہ کیا، ہسپتال میں تھیٹر میں ہر چیز موجود تھی لیکن عملے کی کمی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میرٹ پر لگائے گئے ہیں، ماضی میں پیسے لے کر لگانے کی شکایت ملتی تھیں۔