اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا۔
شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشتیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان نشتوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے۔
اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، ہمارے دورِ حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں۔