اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مخصوص سیاسی عناصر کی جانب سے پھیلائے جانے والے لسانی بنیادوں پر امتیازی نوٹس کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ نادرا امتیازی نوٹس سے متعلق ٹویٹ کو جعلی خبر کے طور پر مسترد کرتا ہے، پاکستان بھر میں نادرا کے کسی بھی دفتر میں اس نوعیت کا کوئی نوٹس آویزاں نہیں کیا گیا۔
نادرا کی جانب سے قومی مینڈیٹ کے تحت شہریوں کو بلا کسی امتیاز خدمات فراہم کرنے کی وضاحت پیش کی گئی۔
— NADRA (@NadraPak) December 13, 2025
وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ ٹویٹ کے ذریعے دانستہ طور پر حقائق کو مسخ کر کے پیش کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کیلئے مخصوص سیاسی عناصرمن گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔
نادرا کی جانب سے کہا گیا کہ ملک دشمن عناصر جھوٹ اور فریب کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک مبینہ نوٹس گردش کر رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نادرا کے دفاتر میں پختون قومیت رکھنے والوں کیلئے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔



