اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان میں حالات بگڑنے پر بارڈر کو مکمل سیل کر دیں گے، ماضی کی طرح واشنگٹن اور بیجنگ میں بات چیت کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کر دی، کسی کو اپنی سر زمین استعمال نہیں کرنے دیں گے، افغانستان میں مستحکم حکومت عمل میں آنی چاہیے، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر 90 فیصد باڑ لگا چکے، طالبان کو پہلے امریکا پھر افغان حکام کیساتھ مذاکرات کیلئے آمادہ کیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے امریکا کیساتھ نئے تعلقات کی جہت بیان کی، امریکا سے تجارت اپنے طریقے سے کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے 1970 میں چین امریکا تعلقات کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا تھا، چین اور امریکا دنیا کی 2 بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کیساتھ تعلقات پر امید کا اظہار کیا۔