العزیزیہ اور ایون فیلڈ کیسز میں عدالتی فیصلہ سے پاکستان کے عوام کی فتح ہوئی، فواد چودھری

Published On 24 June,2021 11:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ کیسز میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کر دی ہیں، عدالتی فیصلے سے پاکستان کے عوام کی فتح ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدمہ میں نواز شریف کے دونوں بیٹے مفرور ہیں۔ یہ مقدمہ احتساب عدالت میں 9 ماہ چلا جس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزائیں ہوئیں، یہ فلیٹس حدیبیہ پیپرز ملز کے نام پر منی لانڈرنگ سے خریدے گئے، شریف فیملی کو قوم سے لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا چاہیے۔

جمعرات کو ایون فیلڈ اور العزیزیہ کیس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان دونوں کیسز میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ یہ کیس احتساب عدالت میں 9 ماہ تک چلا جس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی، نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز اس مقدمہ میں مفرور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کا مقدمہ ان چار اپارٹمنٹس کے بارے میں ہے جو لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر میں موجود ہیں جس میں نواز شریف اب بھی مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اپارٹمنٹس کا کیس 2016ءمیں اس وقت سامنے آیا جب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی لندن میں تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء میں نواز شریف برطرف ہوئے، یہ مقدمہ احتساب عدالت میں 9 مہینے چلا، اس میں احتساب عدالت نے تمام شہادتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے اپنی جائیداد کے بارے میں جھوٹ بولا، یہ پراپرٹی نواز شریف کی ملکیت ہے، مریم نواز نے جو حلف نامہ جمع کروایا تھا وہ بھی جعلی تھا۔ اس مقدمہ میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی۔

اس کے خلاف اپیل دائر ہوئی اور نواز شریف ملک سے فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا فیصلہ یقینی طور پر پاکستان کے عوام اور تحریک انصاف کی فتح ہے۔ شروع سے ہمارا موقف ہے کہ نواز شریف فیملی کو پاکستان کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپارٹمنٹس حدیبیہ پیپر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ سے خریدے گئے تھے، آج اس کیس میں انصاف کی فتح ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف ملک سے مفرور ہیں، ان پر جرمانہ بھی عائد ہے جو وہ ادا کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی اپیل میرٹ پر چلے گی، اس مقدمہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے، عوام دیکھیں گے کہ ملک کی دولت لوٹنے والے جیلوں کے پیچھے ہوں گے۔
 

Advertisement