لمبی عمر کیلئے ورزش اور غذا سے بھی زیادہ نیند اہم ہے، امریکی ماہرین

Published On 03 January,2026 04:57 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ماہرین نے تحقیق اور تجربات کی بنیاد پر انکشاف کیا ہے کہ تندرست زندگی اور طویل عمر کے حصول کیلئے نیند کی اہمیت عمدہ غذا اور باقاعدہ ورزش سے بھی زیادہ ہے۔

امریکا کی اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق نیند وہ بنیادی عمل ہے جس کے دوران دماغ سمیت جسم کے تمام اعضا دن بھر کی محنت اور تھکن کے بعد خود کو ازسرِنو بحال کرتے ہیں، نیند کے دوران جسمانی نظام کی اوورہالنگ ہوتی ہے، جس سے اعضا دوبارہ مؤثر انداز میں کام کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مناسب اور معیاری نیند نہ صرف ذہنی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے بلکہ قوتِ مدافعت، دل کی صحت اور مجموعی جسمانی توازن کیلئے بھی انتہائی ضروری ہے، نیند کی کمی مختلف بیماریوں اور قبل از وقت بڑھاپے کا باعث بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بہترین صحت اور طویل عمر کے قیمتی فوائد حاصل کرنے کیلئے ہر فرد کو 24 گھنٹوں میں کم از کم 7 گھنٹے کی نیند ضرور لینی چاہیے، متوازن نیند اپنانا صحت مند طرزِ زندگی کی بنیاد ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔