پنجاب فوڈ اتھارٹی کے خاتمے کی سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جعلی قرار

Published On 03 January,2026 05:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بطور ادارہ اپنی بندش سے متعلق خبروں کو افواہیں اور غلط معلومات پر مبنی قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ادارہ نہ صرف بدستور قائم ہے بلکہ بطور ایک خود مختار (اٹانمس) باڈی اپنے تمام قانونی اختیارات کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہے، حالیہ دنوں میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا نام تبدیل کر کے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ رکھا گیا ہے، تاہم اس تبدیلی کا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے وجود یا اختیارات سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی بدستور صوبے میں خوراک کے معیار اور صارفین کی صحت کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے، 2026ء میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نئے عزم اور جامع حکمت عملی کے تحت ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرے گی، اس مقصد کیلئے رواں سال ڈیری، میٹ اور واٹر سیفٹی کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن مانیٹرنگ پورٹلز قائم کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اور انسپیکشن سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور مؤثریت کو مزید بہتر بنایا جا سکے، فوڈ سیفٹی ٹیمیں یونیفارم اور باڈی کیمز کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہیں گی جس سے کارروائیوں کا ریکارڈ محفوظ اور شفاف رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق اپنے تمام اختیارات استعمال کرتے ہوئے کام کر رہی ہے اور رواں سال غذائی دہشتگردوں اور جعلساز مافیا کو نکیل ڈال کر صوبے سے باہر نکالنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے، عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مستند معلومات کیلئے فوڈ اتھارٹی کے سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔