سعد رفیق کی بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیان کی ویڈیو جعلی قرار

Published On 02 May,2024 05:50 pm

لاہور:(ویب ڈیسک )سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سعد رفیق کی بانی پی ٹی آئی کو سازش کے تحت نکالے جانے والے ویڈیو جعلی قرار دے دی گئی۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو دکھایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک سازش کے نتیجے میں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

ویڈیو میں سعد رفیق کو 2018 سے 2022 تک کے بانی پی ٹی آئی کے دور کی تعریف کرتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے، تاہم ویڈیو کو غلط بیانیہ دینے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔

23 اپریل کو ایکس، (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 17 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی جس میں ایک کیپشن کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ سینئر سیاستدان خواجہ سعد رفیق نے 2022 میں بانی پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کو ”سازش“ قرار دیا ہے۔

صارف نے لکھاکہ بانی پی ٹی آئی کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، عمران خان کا کیا گنا ہ تھا کہ وہ جدید پاکستان بنا رہا تھا، اس نے میرٹ کی پاسبانی کی، اس نے پاکستان کی تاریخ کی بہترین GDP دی، کوئی کسی کو مائنس نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی ایک حقیقت ہے۔

اس اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے اس میں مبینہ طور پر سعد رفیق یہ ریمارکس دے رہے ہیں،اسی طرح کے دعوؤں نے فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر توجہ حاصل کی، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

آن لائن گردش کرنے والی تقریر خواجہ سعد رفیق نے 2022 میں کی تھی اور یہ حالیہ نہیں ہے، یہ غلط تاثر دینے کے لیے ویڈیو کلپس کو ایڈٹ کر کے اکٹھا کیا گیا ہے جس میں سعد رفیق بانی پی ٹی آئی کی تعریف کر رہے ہیں۔