نیو دہلی :(ویب ڈیسک )بالی ووڈ معروف اداکار عامر خان اور رنویر سنگھ کی مودی کو ووٹ نہ دینے کی جعلی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ایک ایسے موقع پر جب بھارت میں مرحلہ وار عام انتخابات شروع ہو چکے ہیں، آن لائن وائرل ہونے والے جعلی ویڈیوز میں بالی وڈ کے صف اول کے دو ایکٹر وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے اور لوگوں سے حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کو دوٹ دینے کی اپیل کرتے نظر آئے ہیں۔
ایک ویڈیو کا دورانیہ 30 سیکنڈ ہے جس میں عامر خان دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ دوسری ویڈیو 41 سیکنڈ کی ہے اور اس میں رنویر سنگھ موجود ہیں۔
دونوں اداکار لوگوں سے یہ کہہ رہے ہیں کہ نریندر مودی اپنی انتخابی مہم کے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں اور وزیراعظم کے طور پر بھی اپنے دونوں ادوار میں وہ ملک کے اہم معاشی مسائل کو حل نہیں کر سکے ہیں۔
دونوں ویڈیوز کے آخر میں وہ کانگریس پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہیں، یہ دونوں ویڈیوز آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے تیار کی گئی تھیں، دونوں اداکاروں نے ان ویڈیوز میں میں اپنی موجودگی سے انکار کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد ہٹائے جانے تک انہیں پانچ لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا تھا۔