لاہور:(ویب ڈیسک )سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی والدہ کے نام سے منسوب ہسپتال کا نام تبدیل کرنے کے دعوے گمراہ کن ہیں۔
سرکاری ریکارڈ اور حکام اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مختلف ادوار میں ہسپتال کا نام تبدیل ہوتا رہا ہے اور ہسپتال کا نام 1990 کی دہائی میں خواجہ صفدر میٹرنٹی ہسپتال ہی تھا، صوبہ پنجاب میں ایک سرکاری ڈسپنسری کا نام تبدیل کرنے پر آن لائن پوسٹوں نے تنازعہ کو جنم دیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال کی والدہ کے نام سے منسوب ایک ڈسپنسری کا نام ہٹا کر اپنے مرحوم والد کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔
رواں ماہ 7 اپریل کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں واقع امام بی بی میٹرنٹی ہسپتال، جوپہلے علامہ اقبال کی والدہ کے نام پر تھا ، وزیر دفاع خواجہ آصف نے تبدیل کر کے اپنے مرحوم والد کے نام پرخواجہ صفدر میٹرنٹی ہسپتال رکھ دیا ہے۔
صارف نے ہسپتال کے باہر لگے بورڈ کی تصاویر بھی پوسٹ کیں جو مبینہ طور پر ہسپتال کانام تبدیل ہونے کو ظاہر کرتی ہیں۔
اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق پوسٹ کو 1 لاکھ سے زائد بار دیکھا اور 3 ہزار سے زیادہ مرتبہ ری پوسٹ کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے اسی طرح کے دعوے دوسرے ایکس اکاؤنٹس پر بھی پوسٹ کیے گئے تھے۔