شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چینی کی ایکس مل قیمت میں اضافے کی تردید

Published On 21 April,2024 03:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی ایکس مل قیمت بڑھنے کی خبروں کی تردید کر دی۔

ترجمان پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی موجودہ ایکس مل قیمتیں 133 سے 135 روپے فی کلو کے درمیان ہیں، شوگر انڈسٹری نے کرشنگ سیزن 24-2023 میں 425 سے 550 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدا ہے۔

شوگر ملزایسوسی ایشن کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ ملک میں 15 لاکھ ٹن چینی سرپلس پڑی ہے اور حکومت پر کوئی مالی بوجھ ڈالے بغیر اسے برآمد کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمد میں کوئی تاخیر ہو جائے تو بین الاقوامی منڈی میں قیمتیں نیچے آ سکتی ہیں اور ملک کو کم زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اپیل ہے کہ وہ چینی کی بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے برآمد کی اجازت دیں۔