بھارتی میڈیا پاکستان میں آٹے کی قیمت کے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے لگا

Published On 01 May,2024 07:08 pm

نیو دہلی :(دنیا نیوز) بھارتی میڈیا نے پاکستان میں گندم کی قیمتوں سے متعلق خبر کو غلط رنگ دے کر خبریں پھیلانا شروع کردیں کہ پاکستان میں آٹے کی قیمت فی کلو 800 روپے تک جا پہنچی۔

متعدد بھارتی اخباروں، ویب سائٹس اور نیوز چینلز نے ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی حقائق کے منافی جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کیں کہ پاکستان میں حالات سنگین ہوچکے ہیں اور وہاں گندم کا آٹا 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

اچھی شہرت کے حامل اخبار ہندوستان ٹائمز نے بھی اپنی خبر میں نشریاتی ادارے این این آئی کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گندم کا آٹا 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

خبر میں مزید دعوے کیے گئے کہ پاکستان کے معاشی حالات خراب ہوچکے ہیں، وہاں مہنگائی بڑھنے سے غربت زیادہ ہوگئی۔

اسی طرح اے بی پی نیوز نے بھی اپنی ہندی ویب سائٹ پر گندم کے آٹے کی قیمت 800 روپے فی کلو ہوجانے کی خبر لگائی اور دعویٰ کیا کہ پاکستانی عوام روٹی خریدنے اور کھانے کے لیے پریشان ہے۔