اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی دوا ساز کمپنی بائیو لیبز کی تیار کردہ 2 دوائیں غیر معیاری قرار دے دی گئیں، سینٹرل ڈرگ لیب کراچی سے میبزول اور بائیو رِس ادویات کی رپورٹ جاری ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق میبزول سسپنشن 100 ایم جی کے دو بیچ اور بائیو رِس اورل سلوشن ون ایم جی کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دیا گیا ہے، ڈمپیریڈون فارمولے کی دوا میبزول قے کیلئے استعمال ہوتی ہے۔
لیبارٹری کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ ان دواؤں میں ایتھیلین گلائیکول کی موجودگی خطرناک ہے، ایتھیلین گلائیکول کی معمولی مقدار جان لیوا ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق ڈائی ایتھیلین گلائیکول، ایتھیلین گلائیکول ایک زہریلا مرکب بناتے ہیں، یہ دل، گردے اور مرکزی اعصابی نظام کیلئے نقصان دہ ہے۔
لیب کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ میبزول کے بیچز میں 1.21 اور 1.32 فی صد ایتھیلین گلائیکول کی تصدیق ہوئی ہے، بائیو رِس کے بیچ میں 0.84 فی صد ایتھیلین گلائیکول کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈریپ نے ادویات کے مذکورہ بیچز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی، فارما کمپنی کو متاثرہ بیچز مارکیٹ سپلائی نہ کرنے اور مارکیٹ میں موجود بیچز واپس منگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔