جعلی حکومت نوازشریف سے ذہنی شکست کھا چکی ہے: مریم

Published On 06 August,2021 04:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہا کہنا ہے جعلی حکومت نوازشریف سے ذہنی شکست کھا چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا ویزا ایشو پر اوپر سے لے کر نیچے تک حکومتی عہدے داروں کی چھلانگیں اس بات کی علامت ہے کہ میاں نواز شریف کس بُری طرح ان کے اعصاب پر سوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ذہنی شکست کھا چکی، اس جعلی حکومت کو معلوم ہے کہ الّلہ کے فضل و کرم سے میرے والد نا صرف پاکستان کا حال بلکہ انشاءاللّہ مستقبل بھی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صورت میں انکو دیوار پر اپنی شکست صاف لکھی نظر آ رہی ہے جس کو باقی شاید بعد میں پڑھیں گے، یہ آج ہی پڑھ رہے ہیں۔ کسی کا قد کاٹھ کم کرنے کی کوشش سے بونے قد آور نہیں ہو سکتے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ حکومت کا تھا۔ سیاسی نفرت پر مبنی حکومتی بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں، سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہو گی، سیاسی فائدے کے لئے حقائق کے برعکس بیانات باعث افسوس ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 3 بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیرانسانی رویہ ہے۔ محض سیاست کے لئے ایک فرد کوبدنام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا، ان کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا، یہ فیصلہ بھی حکومت کے سرکاری بورڈ کا تھا، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق نوازشریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہو گا، ڈاکٹرجب اجازت دیں گے تو نوازشریف پاکستان واپس آئیں گے۔ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ اپیل پر فیصلہ ہونے تک محمد نوازشریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔

Advertisement