لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی میزبانی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرز کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، وزیراعظم کے سی پیک سپیشل اسسٹنٹ خالد منصور، میجر جنرل محمود اور دیگر نے شرکت کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرز کے مشترکہ اجلاس کو ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم چوتھی لہر کے چھٹے ہفتے میں داخل ہوچکے ہیں، آزاد جموں و کشمیر میں کوویڈ عروج پر ہے، جہاں 26 فیصد کیسز ہیں، سندھ میں 13 فیصد، کراچی میں 21 فیصد کیسز ہیں، 67 فیصد کیسز کراچی میں لاہور، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور حیدرآباد سے آ رہے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 500 مریض روزانہ ملک میں داخل ہو رہے ہیں، ایک ہزار 210 مریض تشویشناک حالت میں ہیں، جو ملک میں سب سے زیادہ ہے، کراچی میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، ملک میں بھارت کے ڈیلٹا ویرینٹ کی لہر کراچی میں زیادہ ہے، سندھ حکومت نے 31 جولائی سے 8 اگست تک کورونا پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔