اسلام آباد: (دنیا نیوز) مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر کے ساتھ دست درازی پر سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل کے نوٹس پر آئی جی پنجاب نے رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کیلئے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاتون کا میڈیکل کرایا گیا، تیس ویڈیوز، 60 تصاویر اکٹھی کر کے نادرا کو شناخت کیلئے بجھوائی گئیں، جس میں سے 9 افراد کی شناخت ہوئی اور گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ متاثرہ خاتون کی نشاندہی پر مزید افراد کو گرفتار کیا گیا، اب تک 92 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے جیو فنسنگ ڈیٹا اکٹھا کیا گیا، واقعہ کی شام ساڑھے چھ سے لیکر سات چالیس تک اٹھائیس ہزار سے زائد افراد کا کال ڈیٹا اکٹھا کیا گیا، سات سو سے زائد افراد کو مشکوک قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی کہ بلا تفریق کارروائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، واقعہ کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کی جائے گی، ملوث ملزمان کو سامنے لاکر مثالی سزائیں دلوائی جائیں گی۔