اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایت وزیراعظم نے قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران کی شرکت کی۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبی ﷺکی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصا علما کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزماں ﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تاریخ اسلام کیساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺکی حیات مبارکہ سے ماخوذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں جبکہ قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔