کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی ایک کال کیلئے ترستے عمران خان نے تین سالوں میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا، تین سالوں میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ہے۔
وفاقی حکومت کی تین سالہ کارکردگی کے حوالے سے وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی تین سالہ کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کرکے ہزاروں پاکستانیوں سے روزگار چھین لیا، عمران خان کی باتیں بڑی بڑی ہوتی ہیں اور کارکردگی صفر، عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تین سالوں میں پاکستان میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ہے۔ آٹا اور چینی چور ترقی کر گئے، عوام مہنگی دوا کیلئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔ بازاروں میں مہینے کا راشن خریدتے ہوئے بار بار اپنی جیب کو دیکھنے والا عام آدمی عمران خان کی کارکردگی کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے مشیروں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جو حکومتی کارکرگی تلاش کی ہے، عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آ رہی۔ وزیراعظم کو خود معلوم ہے کہ وہ ملک کو انتظامی لحاظ سے تباہ کر چکے ہیں مگر وہ اپنی ضد اور انا کی وجہ سے وہ اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔