کراچی: (دنیا نیوز) افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ نے افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے پاکستان سے مدد طلب کر لی۔
پاکستان کی ایک بار پھر بھر پور معاونت کرتے ہوئے پاکستان افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لئے مدد کرے گا، عالمی ادارہ خوراک افغانستان میں آپریشن پاکستان سے کرے گا، اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے آپریشن کرنے کی مشروط اجازت دے دی، سول ایوی ایشن کے جانب سےجاری ہونے والے نوٹفکیشن کے مطابق امدادی پرواز میں فوجی سامان لے جانا منع ہوگا، عالمی ادارہ خوراک کو فیس ادا کرنی ہوگی، کسی قسم کا اسلحہ اور کیمیکل پرواز میں نہیں جائے گا، جو امدادی سامان جائے گا اس کی تفصیلات دینی ہوگی۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دو افراد پر مشتمل پرواز اسلام آباد سے روزانہ کابل کے لئے روانہ ہو گی، ایم 18 ہیلی کاپٹر کے ذریعے 6 افراد پشاور سے خوراک لے کر کابل جائیں گے، افغانستان میں خوراک پہنچانے کے لئے اسلام آباد اور پشاور ائیر پورٹ کو استعمال کیا جائے گا، کابل خوراک پہنچانے کے لئے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال ہوگا، امدادی سرگرمیوں کے لئے اقوام متحدہ فوڈ پروگرام نے پاکستان سے مدد مانگی تھی۔