ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آنیوالا وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا عوام خوشحال ہوگی، ملک کو بحران سے ہمارا منشور نکال سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سات روزہ دورے پر جنوبی پنجاب پہنچ چکے ہیں جہاں پر وہ مصروف دن گزار رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کی دربار حضرت خواجہ سلیمان تونسوی کے سجادہ نشین پیر خواجہ عطاءاللہ شاہ سے ملاقات ہوئی جنہیں پارٹی کا فیڈرل کونسل کا ممبر تعینات کیا گیا ملتان سے مسلم لیگ ق کے ٹکٹ ہولڈر میاں مظہر عباس اور مظفرگڑھ سے ایم کیوایم کے ٹکٹ ہولڈر رانا امجد علی امجد نے ملاقات کی اور باقاعدہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بلاول بھٹو زرداری سے دو مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے والے لیہ سے سابق وفاقی وزیر بہادر خان سیہڑ کی ملاقات کی جہاں بہادر خان سیہڑ نے 11 ستمبر کو لیہ میں عشائیے میں شرکت کی دعوت دی۔ لیہ آمد پر بہادر خان سیہڑ پاکستان پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔ بہادر سیہٹر ق لیگ سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ سلکیٹڈ وزیراعظم نے 20 ہزار خاندانوں سے روٹی کپڑا مکان چھینا مگر آنیوالے وقت پیپلز پارٹی کا ہوگا عوام خوشحال ہوگی، ملک کو بحران سے ہماری پارٹی اور ہمارا منشور نکال سکتا ہے، ہمارے نوجوان اس مشن کو آگے لیکر جائیں گے۔ آنے والا وقت آپکا ہے اور آپکی حکومت ہوگی۔
دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری پی پی پی کے سابق ضلعی سینئر نائب صدر علی حیدر زمان گردیزی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں بلاول بھٹو زرداری نے علی حیدر زمان گردیزی سے ان کے بھائی کرنل (ر) ناصر زمان گردیزی، ان کے بہنوئی مخدوم راجو گردیزی کے انتقال پر بھی تعزیت کی،،،،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ صدر جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، فیصل کریم کنڈی، خواجہ رضوان عالم اور نتاشہ دولتانہ ، سید عبدالقادر گیلانی، ایم پی اے علی حیدر گیلانی، عبدالقادر شاہین اور حیدرزمان قریشی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔