اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان اور ابوظہبی کے ولی عہد کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے اہم مفاد میں ہے، عالمی برادری افغان عوام کی معاشی اور تعمیر نو میں مدد کرے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطہ کے مفاد میں ہے۔ افغانستان کا ایک جامع سیاسی تصفیہ یہاں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کا بہترین راستہ ہے، عالمی برادری افغان عوام کی معاشی مدد اور تعمیر نو میں کردار ادا کرے۔
وزیراعظم عمران خان سے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید نے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ علاقائی پیش رفت خاص طور پر افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے مضبوط برادرانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت کے عزم کا اعادہ کیا۔ افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے، افغانستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سلامتی اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ جامع سیاسی تصفیہ تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان عوام کی معاشی مدد کرنے اور ملک کی تعمیر نو میں مدد کیلئے نسبت قائم رکھے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور افغانستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے آمدہ ایکسپو 2020ء کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر ولی عہد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔