کراچی: (دنیا نیوز) کنٹونمنٹ بورڈزالیکشن میں قواعد کی خلاف ورزی پر پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین نے پولنگ اسٹیشنز پر ضابطے کی خلاف ورزیاں کیں، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی مداخلت کا نوٹس لے۔
دوسری جانب مختلف شہروں میں کنٹونمنٹ بورڈزانتخابات کے دوران قواعد کی خلاف ورزیاں اور لڑائی جھگڑے بھی جاری رہے۔ ملتان میں پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش پر ہنگامہ آرائی ہوئی جس پر مخالف پارٹیوں کے کارکنان نے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ مرد ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے تو خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، پولنگ کا عمل متاثر ہوا تو پولیس حرکت میں آئی اور ہنگامہ آرائی کرنےوالوں کوباہرنکال دیا۔
راولپنڈی کے چکلالہ کینٹ وارڈ نمبر 7کے خواتین پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں میں تصادم ہوا جس سے الیکشن کا عمل متاثر ہوا۔ رتہ امرال میں تحریک لبیک اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں بدمزگی اور ہاتھا پائی پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہجوم کو منتشر کر دیا۔
کراچی میں ریٹرننگ افسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سلیم حسن وٹو نے کارروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 4 سے 2جعلی پولنگ ایجنٹ گرفتار کر لئے جو بغیر دستاویزات کے وارڈ نمبر 4 خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے اندر تھے، دونوں کا تعلق دو مختلف سیاسی جماعتوں سے بتایا جارہا ہے۔