کامیاب جوان پروگرام روزگار کی فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ ہے، عثمان ڈار

Published On 12 September,2021 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ بن گیا ہے، بزنس لون اور سکل سکالر شپس حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کامیاب روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے کامیاب جوان کی ایک اور کامیاب کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کر تے ہوئے بتایا کہ بڑے کاروبار سے لے کر ڈیری فارمنگ تک نوجوان اپنا کاروبار کیسے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خانیوال کے رہائشی محمد آصف نے چند دنوں میں ڈیری فارمنگ کا کامیاب کاروبار شروع کر لیا ہے، کاروبار کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری نہیں کامیاب بزنس پلان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ٹیک کورسز کی ٹریننگ سے لے کر روایتی کاروبار کے آغاز تک ہر شعبے میں نوجوانوں کی مدد کر رہے ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان کاروبار کی بہترین منصوبہ بندی کر کے لاکھوں روپے کی مالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمار حوصلہ افزاء ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹنر بینکوں کو بلا تاخیر قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو قرض کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ ہوں، میرٹ اور شفافیت کے پیش نظر سکروٹنی کا عمل طے شدہ منصوبے کے تحت جاری رہے گا۔
 

Advertisement