اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ جس میں افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین بات چیت میں کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات، تمام شعبوں میں تعاون پر اور علاقائی امور سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور بشمول افغانستان کی صورتحال پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کو دبئی میں منعقد ہونے والے ایکسپو 2020 کے بہترین انتظامات پر مبارکباد دی اور ایکسپو کی شاندار کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔