نیویارک:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر شاہ محمود قریشی اور انڈونیشیا کی وزیر خارجہ کے مابین ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ ، آسیان اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا ۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا کے ساتھ، سیاسی ، تجارتی ، اقتصادی اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحاتی ایجنڈے پر گامزن ہے جبکہ انہوں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے کابل سے انڈونیشین سفارتی عملے کے محفوظ انخلاء میں سہولت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دو طرفہ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور عوام کی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔