راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے روس کا دورہ کیا، جہاں جنرل ندیم رضا نے 'امن مشن مشق 2021' کا معائنہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا امن مشن مشق 2021 کے مشاہدے کے لئے روس کے دورے پرہیں۔ امن مشن مشق 2021 شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت منعقد ہوئی۔
جنرل ندیم رضا نے رکن ممالک کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ فورم کی جانب سے علاقائی و بین الاقوامی جیو سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ فورم نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کے تناظر میں جیو سیاسی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ دنیا کے مختلف خطوں میں دہشتگردوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لئے تنظیم کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے، پر امن افغانستان پورے خطے کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے عالمی امن کے لئے پاکستانی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں کلیدی قربانیاں دیں۔