پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے: آرمی چیف

Published On 05 October,2021 06:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈا اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پروپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں 244 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، یہ کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران شرکا نے بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سلامتی پر خصوصی توجہ کے ساتھ خطے میں سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سپہ سالار نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور غیرملکی افواج کیساتھ تعاون اورمشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کو غیر مستحکم کرنے، امن و استحکام کو خراب کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا بھی نوٹس لیا گیا اور ملکی، علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا صرف ان کی مایوسی اور ان کے اندرونی تضادات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری حکام نے افغانستان میں انسانی ہمدردی اور سلامتی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور بڑے خطے میں امن و استحکام کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے عالمی برادری کی کا تعاون ضروری ہے۔

 

Advertisement