اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں میں سہولت کورونا وبا کے خاتمے تک جاری رہنی چاہیے۔
ورلڈ لیڈرز سمٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں نے ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں میں سہولت کیلئے مہم چلائی، انتہائی اہم ڈائیلاگ میں شرکت پر خوشی ہے، کورونا وبا کے باعث لاک ڈاون کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے۔ ویکسین کے حوالے سے اس عدم مساوات کو ختم کرنا ہوگا۔ ترقی پذیر ملکوں کیلئے قرضوں میں سہولت کورونا وبا کے خاتمے تک جاری رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلیشئرز پگھلنے کی شرح میں تیزی آئی ہے، پاکستان جیسے ملک ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے امیر ملکوں کے مقابلے میں زیادہ غیر محفوظ ہیں۔ امیر ممالک ماحول کیلئے مالی معاونت میں حصہ ڈالیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی سے ان ممالک کی کرنسی کی قدر گر جاتی ہے اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے، اس کو وکنے کا واحد طریقہ فیکٹ آئی کی پیش کردہ سفارشات پر عملدرآمد میں ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب ملکوں سے امیر ملکوں میں رقوم کی غیر قانونی منتقلی اہم مسئلہ ہے، اس لوٹ مار کی وجہ ترقی پذیر ملکوں کی بدعنوان اشرافیہ ہے۔