لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے جیل نظام میں اصلاحات کیلئے اہم اقدامات، عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر جیلوں کیلئے ایک ہزار سے زائد عملے کی بھرتی کا آغاز کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت جیل نظام میں اصلاحات کے لئے اجلاس کیا گیا، جس میں پریزن پیکیج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے 4930 وارڈن کی بھرتی کی اصولی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار نے جیلوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خالی آسامیاں پر کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
عثمان بزدار نے محکمہ جیل خانہ جات میں 44 ماہر نفسیات کی بھرتی مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کیلئے درکار بجٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے، قیدیوں پر تشدد اور غیر انسانی سلوک کے خاتمے کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کی جا ئیں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ قیدی فون پر دوران کال کوڈ دبا کر اپنی شکایت کا اندراج کرا سکتے ہیں، قیدیوں کی 489 شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔