صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کا ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار

Published On 10 October,2021 11:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی تمام اہم شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کی خبر سن دکھ ہوا ، اُنہوں نے قوم کو بچانے والے جوہری تخفیف کو فروغ دینے میں مدد کی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

معاون خصوصی شہبازگل نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان کے محسن ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے، ڈاکٹر صاحب کا پاکستان کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کا احسان اور قرض اس ملک کا بچہ بچہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کا جان کر دکھ ہوا، وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے علمبردار تھے، ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے ہماری سلامتی کے لیے بے پناہ تعاون کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا بچھڑنا ملک کے لئے بڑا نقصان ہے، آج پاکستانی قوم سچی اور مخلص شخصیت سے محروم ہو گئی، اللہ تعالی ان کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، کہتے ہیں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر ہر پاکستانی سوگوار ہے، انہوں نے ملک کے جوہری پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

لیگی رہنما مریم نواز نے بھی ڈاکٹر خان کی وفات پر اظہار افسوس کیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبد القدیر کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ان کی خدمات بہت بڑی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔ 

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کو قائم کیا اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان عظیم سائنسدان اور مخلص پاکستانی تھے جنہوں نے پاکستان کو جوہری طاقت بنایا۔  

وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کی خبر سن بہت افسوس ہوا، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پرگہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے، دعا ہے اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں ان کو اعلی مقام عطا فرمائے۔

سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پاکستان کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، انھوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں اہم ترین کردار ادا کیا، اللہ تعالیٰ انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر کی رحلت کا جان کر نہایت دکھ ہوا، ملک کیلئے انھوں نے قابل قدر خدمات انجام دیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
 

Advertisement