اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 15 اگست سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مرے ہوئے مینڈکوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، اور اب یہ ایک مرا ہوا سیاسی ہاتھی ہے، 15 اگست سے پی ڈی ایم کے مرے ہوئے مینڈکوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے، عمران خان کی خوش قسمتی ہے ان کو اس قسم کی تھکی ہوئی اپوزیشن ملی، پی پی چیئر مین بلاول دل کا جانی ہے اس کو سیاسی طور پرسات خون معاف ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والے منہ صاف کرکے پھر وکٹری کانشان بناتے ہیں، پاپڑ والے اور دہی بھلوں سے اربوں نکلتے ہیں، ٹی وی پر آنا کوئی کمال نہیں، جو کوئی چوک چوراہے میں حساس اداروں پر تنقید کرے گا اس کو بھگتنا ہوگا، مریم نواز اپنے لیے خود گڑھے کھود رہی ہیں، انہوں نے اگر کسی گڑھے میں گرنا ہے تو خدا خیر کرے، وہ جو اداروں کے خلاف بیانات دے رہی ہیں اپنے پاؤں پر کُلہاڑی مار رہی ہیں، (ن) لیگ کی پچھلی حکومت جانے میں بھی مریم نواز کا کردار تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایٹمی سائنسدان اورمحس پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کا مقبرہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، بیٹی نے ڈیزائن فراہم کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں مہنگائی ہے، قرضے بھی ہیں، کورونا کا بھی سامنا رہا، لیکن عالمی بحران میں پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچا، وزیراعظم مہنگائی کے معاملے پر اجلاس کر رہے ہیں، میں کابینہ اجلاس میں آٹا، دال، چاول اور 4 ادویات پر بات کرتا ہوں، اقتدار میں وقت جلد پاس ہو جاتا ہے، نئے انتخابات میں ایک سال ہی رہ گیا ہے، عمران خان اپنے 5 سال پورے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے ویزا فیس 31 دسمبر تک معاف کردی گئی اور آن لائن ویزا سروس شروع کردی ہے، آج سے افغانستان کا ویزا آن آرائیول بند کردیا گیا ہے، پانچ سال کاٹریڈنگ ویزہ جاری کریں گے، افغانستان بارڈر طور خم اور چمن پر لگائے آئی بی ایم ایف بارڈر پر بادینی میں لے کر جا رہے ہیں۔ سیف سٹی کو 16 گاڑیاں اور لے کر دے رہے ہیں، عید میلاد النبی کے موقع پر معمولی جرائم کے قیدیوں کی تین ماہ کی سزائیں معاف کی جارہی ہیں۔