لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 127 سالہ پرانے جیل قوانین اور قواعد و ضوابط کو تبدیل کیا جا رہا ہے، تاریخ ساز پریزن پیکج فرسودہ جیل نظام میں پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے جاری بیان میں کہا کہ قیدیوں اور جیل عملے کیلئے 5 ارب 50 کروڑ روپے کے تاریخی پیکیج کی مثال قیام پاکستان سے لیکر آج تک نہیں ملتی، 1894 کے نظام کو 127 سال بعد بدل رہے ہیں، قیدیوں کے ساتھ جیلوں میں جو سلوک ہوتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کمسن قیدیوں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، محکمہ صحت ہر ماہ جیلوں میں قیدیوں کے چیک اپ کیلئے میڈیکل کیمپ لگائے گا، خواتین قیدی کیساتھ 6 سال تک کے بچوں کیلئے تعلیم، تفریحی سہولیات اور ڈے کیئر سینٹر کا اہتمام کیا جائے گا۔