شیخ رشید احمد دورہ مختصر کر کے متحدہ عرب امارات سے وطن پہنچ گئے

Published On 23 October,2021 11:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید متحدہ عرب امارات سے واپس وطن پہنچ گئے۔ موجود صورتحال کے پیش نظر شیخ رشید کو اچانک واپس آنا پڑا، وزیر داخلہ شیخ شید پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے۔

ادھر کالعدم جماعت کے احتجاج کی وجہ سے لاہور کی متعدد سڑکیں بند، لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بھی بند ہیں۔ دبئی چوک سے اسکیم موڑ کی جانب جانیوالا روڈ ٹریفک کے لئے بند ہے۔ اسی طرح کھاڑک اور لیاقت چوک سے اسکیم موڑ جانیوالی ٹریفک کو بھی روک دیا گیا۔

گلشن راوی اور سمن آباد سے یتیم خانہ روڈ، بابوصابو کی جانب سے موٹروے، شاہدرہ چوک، سگیاں پل، پرانا راوی پل بھی بند ہے۔ مون مارکیٹ سے اسکیم موڑ، ضلع کچہری کی جانب سگیاں روڈ، داتا دربار سے پیر مکی اور لاہور رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

شاہدرہ چوک، سگیاں پل، پرانا راوی پل، شیخوپورہ جی ٹی روڈ 2 مقامات پر ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ کالاشاہ کاکو اور رانا ٹاؤن کو کنٹینر لگا کر بلاک کر دیا گیا۔ مخصوص علاقوں میں موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے۔
 

Advertisement