لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خانیوال پہنچ گئے، کوٹ ہیبت خان میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا مرحوم کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ایم پی اے کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے کے دوران سینیٹر عون عباس بپی، صوبائی وزیر حسین جہانیاں گردیزی، چیف وہپ صوبائی اسمبلی علی عباس شاہ، مسعود مجید خان ڈاہا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے
وزیراعلیٰ نے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اعلیٰ سیاسی روایات کے امین تھے۔ ان کیساتھ احترام اور عزت کا رشتہ تھا۔ مرحوم میرے لئے بزرگ کی حیثیت رکھتے تھے۔ مرحوم نشاط ڈاہا نے عوامی سیاست کو فروغ دیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نشاط خان ڈاہا مرحوم نے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی۔ نشاط ڈاہا مرحوم نے تمام تر توانائیاں عوام کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھیں۔ مرحوم کی اہل خانیوال کیلئے سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم جیسی عوامی شخصیت کا بچھڑ جا نا صدمے کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کوجوار رحمت میں جگہ دے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔