اسلام آباد: (دنیا نیوز) کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔
کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے، اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 28, 2021
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو 12 بجے ہو گا۔ مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی بھی شریک ہوں گے، وفاقی وزراء بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر نور الحق اجلاس کو بریفنگ دیں گے، وزیر داخلہ موجودہ صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے، احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، کالعدم تنظیم کی غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، کالعدم تنظیم کے احتجاج سے متعلق کابینہ کےفیصلوں پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی سےمتعلق دیگرامور پر بھی غور کیا جائے گا۔