اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیمرا نے کالعدم تنظیم کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی۔
پیمرا کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی کوریج سے روک دیا ہے۔ ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور نیوز چینلز کو بھی کوریج روکنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کالعدم تنظیم کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی، میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015ء کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیم کو 15 اپریل 2021ء کو کالعدم قراردیا ہے، وزارت داخلہ نے دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث ہونے پر جماعت کو کالعدم قراردیا۔