لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملکی مفاد کے منافی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، عوام کے روز مرہ معمولات میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو امن وامان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ملکی مفاد کے منافی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عوام کے روز مرہ معمولات میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ قومی سلامی کمیٹی کےاجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے تناظر میں پنجاب حکومت فوری اقداما ت کرے گی، صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، جی ٹی روڑ پر سکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاون خصوصی اطلاعات حسان خاور، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آپریشنز اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے اجلاس میں شرکت کی۔