اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کہا اپنی ذات کے لیے ای وی ایم نہیں لانا چاہتا، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ضروری ہے، اتحادی جماعتیں ساتھ ہیں، انشاء اللہ آج ہمیں کامیابی ملے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم قانون سازی پر بات چیت جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج پیش ہونے والے بلز کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے میں آپ کا کردار ہوگا، سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیئے، ارکان پارلیمنٹ کے مسائل سے آگاہ ہوں، انشاء اللہ جلد سب کی شکایتیں دور ہونگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات پر اعتراض کئے گئے، چاہتے ہیں ایسا نظام بنائیں کہ تمام جماعتیں امیدوار نتائج کو تسلیم کریں، انتخابی اصلاحات ذات یا پارٹی کے لئے نہیں ملک اور جمہوریت کے لئے ہے، ای وی ایم اور اورسیز ووٹرز کو حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، نمبرز پورے ہیں، کامیابی ہمیں ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ارکان ایوان میں حاضری یقینی بنائیں۔