ملتان:(دنیا نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کیخلاف جہاد کررہے ہیں، ملکی بقا ء اور ترقی کیلئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی جبکہ لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔
ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قوم کو ایک مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے، ہم نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے، تحریک انصاف کی حکومت طویل مدتی ترقی چاہتی ہے جبکہ ہم چاہتے ہیں عوام سر اٹھا کر چلیں۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کا وقار بلند کرنا چاہتے ہیں ،تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن عوام کی خدمت ہے جس کے لیے ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، اقتدار سے باہربیٹھے کچھ سیاستدانوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ،وہ جتنا مرضی شور مچا لیں نہ ملکی ترقی رک سکتی ہے اور نہ ترقیاتی منصوبے رک سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سے باہر بیٹھے ہوئے مایوس سیاستدانوں کو انتظار کرنا ہوگا،حکومت ختم ہونے کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی جبکہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کریگی بلکہ 2023ء کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیں گے۔