لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مریم نواز کی آڈیو کے درست ہونے کا اعتراف کر لیا۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا میں مریم نواز کی ایک آڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں وہ نام لے کر مختلف چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی ہدایت کر رہی ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی آڈیو سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ پرانی آڈیو ہے جس پر مریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا، پارٹی اشتہار سے متعلق فیصلہ پارٹی ہی کرتی ہے۔
ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے اس آڈیو کو مانا کیونکہ اس میں چھپانے والی کوئی بات تھی ہی نہیں، جب کچھ غلط نہ کیا ہو تو اسی طرح کھل کر اعتراف کیا جاتا ہے، اس آڈیو پر طوفان برپا کرنے کی ضرورت نہیں، اصل معاملے سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی، اس آڈیو کا جواب دیں جس نے 22 کروڑ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس آڈیو کا جواب دیں جس کی وجہ سے معیشت کا کباڑا ہوا اور قوم کا ووٹ چوری کرکے کٹھ پتلیاں مسلط کی گئیں، اس آڈیو کا حساب دیں جس سے عدل کے ایوان کے ماتھے پر داغ لگ گیا ہے۔