راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ تعلیم انسانوں میں مہذب طرز عمل کو جنم دیتی ہے جو کہ ایک صحت مند معاشرتی نظام کی بنیاد ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں عصری علوم کی فیکلٹی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کورس میں کامیاب ہونے والے شرکاء میں ڈگریاں، میڈل اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ انہوں نے کورس کے شرکاء کوبھرپور شرکت اور دلچسپی پر مبارکباد دی۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے انتہائی سازگار ماحول میں معیاری تعلیم کی فراہمی کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔
انہوں نے کورونا جیسے مشکل حالات میں بھی بغیر کسی توقف کے تعلیمی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے جاری رکھنے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی ٹیم کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
جنرل ندیم نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء ان کے قابل فخر والدین اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کو تعلیمی کیریئر میں اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔