اردو بطور سرکاری زبان رائج نہ کرنے کے کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب

اردو بطور سرکاری زبان رائج نہ کرنے کے کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کے حکم پر عمل ہونا چاہیے، تعلیم کے علاوہ ایک چیزتربیت بھی ہوتی ہے، شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنی زبان کوزندہ رکھیں۔ باقی صوبے اپنی زبانوں کا تحفظ کررہے ہیں تو پنجاب کیوں پیچھے ہے؟ اردو زبان رائج کرنے کے معاملے کو اب سنجیدگی سے دیکھیں گے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اردو کو عالمی زبان بنانا چاہیے، تعلیمی اداروں میں اردو زبان کو کوئی فروغ نہیں مل رہا، وفاقی حکومت نشاندہی کرے کہ اردو زبان رائج کرنے کے کون سے ادارے ہیں۔ عدالت نے پنجابی لٹریچر نہ پڑھانے پر پنجاب حکومت سے بھی جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔